حیدر آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت کی طرف سے مستحقین کی امداد کے لیے احساس پروگرام میں بھی نوسرباز سرگرم ہو گئے، رشوت کے طور پر پیسے لینے والے بینک ملازم کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد میں قاسم آباد پولیس نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی طرف سے مستحقین کی امداد کے لیے احساس پروگرام میں خواتین سے رشوت کے طور پر پیسے لینے والے بینک ملازم کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار کیا گیا ملزم شاہد حسین خواتین سے فی کس 12 سو روپے وصول کر رہا تھا، ملزم کو خاتون کی شکایت کے بعد حراست میں لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سیہون شریف: احساس پروگرام سینٹر پر مسلح افراد کا پولیس پر حملہ، وردیاں پھاڑ دیں
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سیہون شریف کے علاقے مانجھند میں قائم احساس پروگرام کے سینٹر پر مسلح افراد نے پولیس پر حملہ کر دیاتھا، مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا اور ان کی وردیاں پھاڑ دی تھیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ واقع غیر متعلقہ افراد کو سینٹر میں اندر جانے سے روکنے پر پیش آیا، کچھ لوگ سینٹر میں اندر گھس کر اپنی خواتین کو پہلے پیسے لیکر دینا چاہتے تھے۔
پولیس کے مطابق سینٹر میں اندر جانے سے روکنے پر پولیس پر تشدد کیا، دس ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، احساس پروگرام سینٹر پر خواتین کو رقم دینے کا سلسلہ بھی بند کر دیا گیا۔