لاہور: (دنیا نیوز) شہباز تتلہ کے اغواء اور قتل کیس میں پولیس نے ملزم ایس ایس پی مفخر عدیل کے خلاف مقدمے کا چالان سیشن عدالت میں جمع کروا دیا، پراسیکیوشن برانچ جائزہ لینے کے بعد چالان کی حتمی منظوری دے گی۔
تھانہ نصیر آباد پولیس نے مقدمے کا چالان سیشن کورٹ میں جمع کروا دیا جس میں کہا گیا ہے کہ مفخر عدیل نے دوران تفتیش اقبال جرم کر لیا ہے،
شہباز تتلہ کو قتل کرنے کے بعد ایس ایس پی مفخر عدیل روپوش ہو گیا، ملزم نے اپنے دوست شہباز تتلہ کی لاش کیمیکل ڈال کر ضائع کر دی۔
پولیس نے چالان میں مزید کہا ہے کہ ملزم مفخر عدیل نے شہباز تتلہ کو قتل کرنے کی مکمل منصوبہ بندی کر رکھی تھی، ملزم کے خلاف تمام ٹھوس شواہد موجود ہیں جو عدالت میں پیش کریں گے۔
چالان میں یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ ایس ایس پی مفخر عدیل نے اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کیا اور پولیس ملازمین سے جائے وقوعہ کو واش کروایا، ان پولیس اہلکاروں کے بیانات قلمبند کر لیے ہیں۔ پراسیکیوشن برانچ چالان کا جائزہ لے کر اس کی حتمی منظوری دے گی جس کے بعد مقدمے کے ٹرائل کا آغاز ہو گا۔