پنڈی بھٹیاں: (روزنامہ دنیا) حافظ آباد پولیس نے 63 چوروں ڈکیتوں، 97 اشتہاریوں سمیت 544 ملزموں کو گرفتار کر کے ایک کروڑ 94 لاکھ 86 ہزار روپے سے زائد کا مال مسروقہ برآمد کر لیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حافظ آباد پولیس نے ماہ جولائی کے دوران 63 چوروں ڈکیتوں سمیت مجموعی طور پر مختلف نوعیت کے مقدمات میں ملوث 544 ملزم گرفتار کر لئے۔ گرفتار ملزموں کے قبضہ سے 1 کروڑ 94 لاکھ 86 ہزارروپے سے زائد کا مال مسروقہ برآمد کر لیا گیا۔ اشتہاری مجرمان کے خلاف چلائی جانے والی خصوصی مہم کے نتیجہ میں اے کیٹیگری کے 25 اشتہاری مجرموں سمیت 128 اشتہاری گرفتار کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 89 ریکارڈ یافتہ مجرم اور113 عدالتی مفرور بھی گرفتار کئے گئے ہیں۔
ڈی پی او حافظ آباد بلال افتخار کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کے نتیجہ میں 102 منشیات فروش گرفتار کر کے 3600 گرام افیون، 34 کلو سے زائد چرس، 630 بوتل شراب قبضے میں لے لی گئی۔ ڈی پی او حافظ آباد بلال افتخار کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اور ڈسٹرکٹ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے متحرک ہے۔