لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کہتے ہیں کہ ماحولیاتی آلودگی کے خلاف اقدامات میں پاکستان دنیا میں لیڈ کر رہا ہے، جب نیب کسی شخص کو بلاتا ہے اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ مجرم ہے، ہم بلا تفریق احتساب چاہتے ہیں۔
ٹائیگر فورس ڈے پر شجر کاری مہم، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے وزیر جنگلات سبطین خان کے ہمراہ جلو پارک لاہور میں پودا لگایا، اس موقع پر ٹائیگر فورس کے ارکان بھی موجود تھے۔ گورنر چودھری محمد سرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے ویژن کو آگے لے کر چل رہے ہیں، خیبر پختونخوا میں بلین ٹری کی کامیابی کے بعد میں ملک بھر میں 20 بلین ٹری کا ہدف حاصل کرنا ہے۔
گورنر پنجاب وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی نیب طلبی پر بولے کہ نیب جب کسی شخص کو بلاتا ہے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ مجرم ہے، بلا امتیاز احتساب کی پالیسی پر کاربند ہیں۔ صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان نے کہا کہ پنجاب میں پانچ کروڑ سے زیادہ پودے لگا چکے ہیں، نومبر تک مزید تین کروڑ پودے لگائیں گے۔