ملتان: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کا منصوبہ 7 بار ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود تاحال نامکمل

Last Updated On 07 August,2020 09:55 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں نو سال پہلے نشتر ہسپتال سے مریضوں کا رش کم کرنے کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا گیا لیکن سات مرتبہ ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔

 

ملتان میں نو سال پہلے 252 بیڈز پر مشتمل ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا گیا جس کا تخمینہ لاگت ایک ارب گیارہ کروڑ روپے لگا کر ابتدا میں پچاس کروڑ روپے جاری کیے گئے تاہم فنڈز کی فراہمی میں تعطل کے باعث سات مرتبہ ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود فلاحی منصوبہ تا حال مکمل نہیں ہو سکا۔

سابقہ حکومت نے سست روی کا شکار منصوبے کی تکمیل کیلئے بقایا فنڈز بھی فراہم کیے لیکن فنڈز کی فراہمی میں تاخیری حربوں سے منصوبے کے تخمینہ لاگت میں کروڑوں روپے کا اضافہ ہو گیا جس پر سی ای او ہیلتھ کا کہنا ہے کہ صحت کے منصوبے حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں اسی لیے منصوبے کی تکمیل کیلئے رواں بجٹ چودہ کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں۔

ڈی ایچ کیو میں فنشنگ کا کام تا حال شروع نہیں ہو سکا اسی لیے مریضوں کے لواحقین نے منصوبے کی تکمیل کیلیے منظور شدہ فنڈز بھی فوری فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
 

Advertisement