لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔ عثمان بزدار نے ضلعی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال بنانے کی ہدایت کر دی۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ عوام کو گراں فروشوں کے سپرد نہیں کیا جاسکتا، غفلت برداشت نہیں کروں گا، عوام کو مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، صوبہ بھر میں مہنگائی، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیوں کی خود مانیٹرنگ کروں گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے قانون ہی نہیں سماج کے بھی دشمن ہیں، سرپرائز چیکنگ کر کے اشیائے صرف کے نرخ کا خود جائزہ لوں گا، کوتاہی ثابت ہوئی تو معاف نہیں کروں گا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی پرائس کنٹرول ٹاسک فورس کا اجلاس بھی طلب کر لیا ہے جس میں عوام کو ریلیف مہیا کرنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔