کرپٹ عناصر کی نئے پاکستان میں رتی بھر بھی گنجائش نہیں، وزیراعلیٰ پنجاب

Last Updated On 30 July,2020 10:52 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ سابق ادوار میں کرپشن اور لوٹ مار کے ذریعے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا۔ کرپٹ عناصر نے ذاتی تجوریاں بھریں اور ملک کو کنگال کیا۔ کرپٹ عناصر کی نئے پاکستان میں رتی بھر بھی گنجائش نہیں ہے۔

ایوان وزیراعلیٰ سے جاری بیان میں سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کرپشن کے مکمل خاتمے کے عزم کے ساتھ دن رات کام کر رہے ہیں۔ موجودہ حکومت نے شفافیت سے سرکاری امور سرانجام دینے کے رجحان کو فروغ دیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت کی کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ ہر سطح پر شفافیت اور میرٹ کے فروغ اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔ پاکستان میں کرپشن میں کمی اور شفافیت میں اضافہ موجودہ حکومت کا کریڈٹ ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہمارا ایجنڈا شفاف پاکستان ہے۔ موجودہ حکومت کی شفافیت کی پالیسیوں کی عالمی سطح پر بھی تحسین کی جا رہی ہے۔ کرپشن کے خاتمے اور کرپٹ عناصر کے احتساب کا ایجنڈا لے کر آئے ہیں جسے مکمل کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی وہ منزل حاصل کرے گا جس کا خواب قائداعظم محمد علی جناحؒ نے دیکھا تھا۔