لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پاکستانی قوم کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کورونا کے باعث عید الاضحی سادگی کے ساتھ منانا ہمارا قومی فریضہ ہے، عید پر ماسک ضرور پہنیں اور ہاتھوں کو بار بار دھوئیں۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا آج ہم کورونا کے باعث شہید ہونے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں انسداد کورونا کے اقدامات باآور ثابت ہو رہے ہیں تاہم احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا، یاد رکھیں یہ صرف آپ کا ہی نہیں بلکہ آپ کے پیاروں کی زندگی کا معاملہ ہے، عید الاضحیٰ قربانی، ایثار اور خوشیاں بانٹنے کا تہوار ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا اپنے ارد گرد سفید پوش افراد کی مدد کر کے اللہ تعالیٰ کو راضی کیجئے، عید قربان پر جھوٹ، منافقت اور غیبت کو ہمیشہ کیلئے قربان کرنے کا عہد کرنا ہوگا، پسے ہوئے طبقے کو اپنے ساتھ لے کر چلنے میں ہی ہماری نجات ہے۔