اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ ہمیں استقامت اور قربانی کا درس دیتی ہے، پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آزمائش اور امتحان میں ثابت قدم رہنا چاہیے۔
وزیراعظم عمران خان نے عیدالاضحیٰ کے مو قع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ عید الاضحیٰ ہمیں استقامت اور قربانی کا درس دیتی ہے، ساری دنیا اس وقت انتہائی نازک صورتحال سے گزر رہی ہے، کورونا وبا ساری انسانیت کیلئے چیلنج بن کر آئی ہے۔
انہوں نے کہا قوم سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی درخواست ہے، عید پر غریب اور ضرورت مند طبقے کو بھی اپنے ساتھ شامل رکھیں، اللہ سے دعاہے وبا سے نبرد آزما تمام لوگوں کی حفاظت فرمائے، اللہ تعالیٰ ہمیں جلد اس وبا سے نجات عطا فرمائے۔
صدر مملکت عارف علوی کا کہنا تھا عوام عید کے موقع پر کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کو ہرگز نظرانداز نہ کریں، اللہ تعالیٰ نے اپنے برگزیدہ بندوں کو مختلف امتحانات میں ڈال کر آزمایا، یہ بزرگ ہستیاں ان امتحانات میں پوری طرح سرخرو ہوئیں، آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا چاہیے۔
انہوں نے کہا مقصد کے حصول میں ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار رہنا ہی کامیابی کی کنجی ہے، اس وقت کورونا وائرس کی وجہ سے ساری دنیا پریشان ہے، تمام انسانیت کسی نہ کسی طرح اس وباسے متاثر ہوئی ہے، اس وبا نے معاشی طور پر ساری دنیا کو بڑے نقصان سے دوچار کیا ہے۔
صدر مملکت عارف علوی نے مزید کہا بڑی طاقتور حکومتیں اپنے عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مشکلات سے دوچار ہیں، قربانی کے جذبے سے سرشار ہو کر غریبوں اور ضرورت مندوں کو بڑھ چڑھ کر مدد کی جائے، ضرورت مند اور نادار افراد کوتلاش کر کے ان تک قربانی کا کچھ حصہ ضرور پہنچائیں۔