تمام مسلمانوں کو عید الاضحیٰ مبارک ہو: برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر

Last Updated On 31 July,2020 09:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ ہمیں قربانی کی یاد دلاتی ہے۔ ہماری قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ پاکستان میں کورونا کے کیسز کم ہو رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ویڈیو پیغام میں انہوں نے تمام مسلمانوں کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی، اور کہا ہے کہ یہ عید ہمیں قربانی کی یاد دلاتی ہے، ہم سب نے کورونا کے دوران بہت کچھ قربان کیا ہے۔

ویڈیو بیان میں برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ ہم نے کھیلوں کو قربان کیا ہے، پاکستان انگلینڈ کرکٹ سیریز بہت اہم ہے، ہم چھکا لگا کر بیماری کو ہار دیں گے، ہم نے اپنوں سے دوری کی بھی قربانی دی ہے۔

ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر کرسچن ٹرنر کا کہنا تھا کہ مجھے افسوس ہے کہ کورونا کی وجہ سے پورا پاکستان نہیں گھوما، ہماری قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ پاکستان میں کورونا کے کیسز کم ہو رہے ہیں، بڑی عید پر بڑی حفاظت ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خوشی سے بتانا چاہتا ہوں برٹش ایئرویز پاکستان کے لیے دوبارہ سے اپنی پروازیں شروع کر رہی ہے، یہ پاک برطانیہ دوستی کا اظہار ہے، دوست ہی مشکل وقت میں ساتھ دیتے ہیں۔
 

Advertisement