اسلام آباد کو پیشہ ور بھکاریوں سے پاک کرنے کا مشن، 100 گرفتار، مقدمات درج

Published On 24 August,2020 11:05 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت کو پیشہ ور بھکاریوں سے پاک کرنے کے فیصلے پر دوبارہ عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا۔ پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 100 سے زائد پیشہ ور بھکاری گرفتار کر لئے، آپریشن 5 دن تک جاری رہے گا۔

 صدر، رورل اور سٹی زونز میں بھکاریوں کے ٹھکانوں پر چھاپوں کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اسلام آباد کے تمام ٹریفک سگنلز، مارکیٹس، چوراہوں سے گرفتار بھکاریوں کو مختلف تھانوں میں منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پیشہ ور بھکاری کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، بھکاریوں کے خلاف بھکاری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جا رہے ہیں اور ان کو اب شخصی ضمانتوں پر رہا نہیں کیا جائے گا بلکہ پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف چالان مقامی عدالتوں میں پیش کیے جائیں گے، جرمانے ادا کرنے کے بعد یہ پیشہ ور بھکاری دوبارہ انہیں چوک چوراہوں پر نظر آتے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں یہ بھکاری مختلف کچی آبادیوں میں رہائش پذیر ہیں، ان کو چلانے والے گروہ کو پکڑیں گے۔ بھکاریوں کے خلاف اس سے قبل بھی متعدد آپریشن کئے گئے لیکن وفاقی دارالحکومت میں بھکاریوں کی تعداد میں کمی نہیں آئی۔
 

Advertisement