نوشہرہ: (سیّد ندیم مشوانی) نوشہرہ اکبرپورہ کے گنجان آباد علاقے علی شاہ میں ایلیٹ پولیس فورس کی لیڈی کانسٹیبل کو ایس ایچ او تھانہ اکبرپورہ اور پولیس کے سامنے مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے موت کے گھات اتار دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس افیسر نوشہرہ نجم الحسنین کے مطابق واقعہ میں ایلیٹ پولیس کی لیڈی کانسٹبل صفیہ خان موقع پر گولیاں لگنے سے جاں بحق ہوگئی جبکہ ان کی چھوٹی بہن نیلم خان شدید زخمی ہو گئی۔ جاں بحق اور زخمیوں کو میاں راشدمموریل ہسپتال پبی منتقل کردیاگیا۔ شدید زخمی نیلم خان کو تشویش ناک حالت میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور منتقل کردیاگیا۔ جو کہ مقتولہ کی بہن ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس افیسر نوشہرہ نجم الحسنین نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ اکبرپورہ انسپکٹر بصیر خان سمیت 14 پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کردیااور لائن حاضر کردیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس افیسر نوشہرہ نے ایس ایچ او تھانہ اکبرپورہ انسپکٹر بصیر خان سمیت 14پولیس اہلکاروں کے خلاف پولیس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
نجم الحسنین کے مطابق مقتولہ لیڈی کانسٹبل صفیہ خان کے بھائیوں نے کچھ عرصہ قبل ملزم نذر محمد کے جوان سال بیٹے کو موت کے گھات اتاردیاتھا جس کے بعد لیڈی کانسٹیبل اور اس کے ملزم بھائی گھر چھوڑ کر چلے گئے تھے۔
ان کے مطابق گیارہ اپریل 2020کو فضل تاج، تحسین اللہ اور عبد اللہ ولد فرید اللہ ساکنان علی شاہ (اکبر پورہ) نے نوجوان مسمی مقتول ثاقب ولد نذر محمد کو قتل کیا تھا۔جس پر مقدمہ نمبر 112 تاریخ: 11.04.2020 جرم 302-324/34 تھانہ اکبر پورہ درج کیا گیاتھا۔
ڈی پی او کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے لیڈی کانسٹبل صفیہ خان کی درخواست پر ان کے سربمہر گھر کو کھلوانے اور سامان لینے کا حکم دیا تھا۔ پولیس لیڈی کانسٹبل صفیہ خان پولیس کے ہمراہ اپنے آبائی سیل گھر کو کھلوانے پہنچی تو مقتول نوجوان کی رشتہ دار خواتین نے شدید مزاحمت کی اور جھگڑا کرنا شروع کردیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نزر محمد نے ساتھیوں سمیت اندھا دھن فائرنگ کرکے ایلیٹ پولیس فورس کی لیڈی کانسٹیبل صفیہ خان اور ان کی چھوٹی بہن نیلم خان کو شدید زخمی کردیا۔ لیڈی کانسٹبل گولیاں لگنے سے موقعہ پر جاں بحق ہوگئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق لیڈی پولیس کانسٹبل صفیہ خان کی زخمی بہن نیلم خان کی مدعیت میں ملزم نزر محمد سمیت چار ملزما ن کے خلاف تھانہ اکبرپورہ میں قتل اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیاگیا۔