سمبڑیال: (دنیا نیوز) کچہری کے باہر فائرنگ سے پیشی پر آیا ملزم قتل کر دیا گیا، پولیس نے فائرنگ کرنے والے کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔
تھانہ سمبڑیال میں تعینات ہومی سائیڈ پولیس کے ملازمین قتل کے ملزم عمران شاہ کو عدالت میں پیشی کے لیے لا رہے تھے کہ کچہری کے باہر ہی ملزم وقاص نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں عمران شاہ شدید زخمی ہو گیا جبکہ فائرنگ کرنے والے ملزم کو پولیس نے موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔
مضروب کو شدید زخمی حالت میں ٹی ایچ کیو ہسپتال لیجایا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا۔ مقتول کے چہرے اور جسم پر پانچ گولیاں لگیں۔
قتل کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے جس میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم کتنی آسانی سے عمران شاہ پر فائرنگ کر رہا ہے۔ وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
یاد رہے کہ تین ہفتے قبل عمران شاہ نے تھانہ بیگووالہ کی حدود میں راجو خاں نامی نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔ آج فائرنگ کرنے والا ملزم وقاص راجو خاں کا بھائی ہے۔