وزیر آباد: سابقہ رنجش پر ملزمان کی فائرنگ سے اٹلی پلٹ شہری باپ سمیت قتل

Published On 26 December,2020 04:52 pm

وزیر آباد: (دنیا نیوز) وزیرآباد کے علاقہ گکھڑ میں سابقہ رنجش کی بنا پر جھگڑے کے باعث ملزمان نے فائرنگ کر کے اٹلی پلٹ شہری کو باپ سمیت قتل کر دیا۔ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

وزیرآباد کے علاقہ گکھڑ کے نواح میں واقع بینکہ چیمہ کے رہائشی عنایت اعوان اور اسکے جواں سالہ بیٹے کاشف عنایت کو محلہ کے ہی دو بھائیوں نے اپنے ساتھی کے ہمراہ مل کر گولیاں مار کر قتل کر دیا۔

ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ جاں بحق ہونے والے کاشف کی دو روز قبل شادی ہوئی تھی اور وہ گذشتہ ماہ اٹلی سے وطن واپس آیا تھا ملزمان کے ساتھ مقتول کاشف کے والد عنایت اعوان کا لین دین کا تنازعہ تھا جس پر آج توتکار کے بعد بات کو جھگڑے کی جانب لے گئے اور ملزمان نے نہتے باپ بیٹے کو گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا۔ مقتول عنایت اعوان موقع پر جاں بحق جبکہ جواں سالہ بیٹا ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔

مقتولین کے قتل کی خبر سے علاقہ بھر میں کہرام برپا ہو گیا ملزمان موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ پولیس تھانہ گکھڑ مصروف تفتیش ہے۔
 

Advertisement