لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم جماعتیں ایک پیج پر نہیں سب کا اپنا اپنا پیج ہے، مایوس پی ڈی ایم کو اب خود سمجھ نہیں آ رہی ہے وہ کیا کریں۔
گورنر پنجاب چودھری سرور سے وزیراعظم کے معاون خصوصی ندیم افضل چن نے ملاقات کی ہے جس میں سیاسی اور دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر چودھری سرور کا کہنا تھا کہ حکومت آئینی مدت کا آخری منٹ بھی پورا کر کے ہی جائے گی، اپوزیشن کے اے سے زیڈ تک تمام پلان فلاپ ہی ہونگے، پی ڈی ایم کے جلسے کورونا پھیلاؤ مہم کا حصہ بن رہے ہیں۔
چودھری سرور نے کہا کہ پی ڈی ایم بس دیکھتی جائے سینٹ الیکشن بھی ہوں گے، سینٹ انتخابات میں بھی تحریک انصاف واضح کامیابی حاصل کر لے گی، حکومت اپنے اصولی موقف سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی، اپوزیشن کی احتجاجی سیاست کا ایجنڈہ انتشار اور فساد کے سوا کچھ نہیں۔
ندیم افضل چن نے کہا کہ ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کا سیاسی مخالفین کا ایجنڈہ ناکام ہی ہوگا۔