لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب نے یوم قائد اور کرسمس پر امن و امان قائم رکھنے کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے صوبہ بھر میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کا حکم دے دیا۔
وزیراعلی عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پولیس، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے یوم قائد اور کرسمس تقریبات کی بہترین سکیورٹی انتظامات یقینی بنائیں، یوم قائدؒ اور کرسمس کی تقریبات کے حوالے سے وضع کردہ سیکورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے، عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی اور ترجیح نہیں ہو سکتی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ چرچوں، مارکیٹوں، بازاروں اور عوامی مقامات کی سیکورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے، متعلقہ افسران اور عملہ امن و امان قائم رکھنے کے لئے جانفشانی سے فرائض سرانجام دے، پولیس افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں، تقریبات میں کورونا ایس او پیز کا خیال رکھا جائے، یوم قائدؒ اور کرسمس کے حوالے سے وضع کردہ سیکورٹی پلان کی موثر مانیٹرنگ کی جائے، دشمن پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے درپے ہے۔