لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اعلان لاہور کرنے والوں سے عوام اعلان لا تعلقی کرچکے، پی ڈی ایم قیادت کے اترے چہروں سے مایوسی عیاں ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کاش اعلان لاہور کرنے والے پہلے کرپٹ قیادت سے علیحدگی کا اعلان کرتے، نئے پاکستان میں کرپٹ سیاستدانوں کے لئے کوئی گنجائش نہیں، پی ڈی ایم کو مینار پاکستان کے سائے تلے عوام کی جانب سے مسترد کرنے کا اعلان ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ عناصر اعلان لاہور کے نام سے عوام کو ایک بار پھر دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں، کورونا پھیلا کر عوام کی زندگیوں سے کھیلنے والے مسترد شدہ عناصر کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ 16 دسمبر شہدا کی قربانیوں کی یاد تازہ کرتا رہے گا، قوم بچوں اور اساتذہ کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، بچوں نے اپنے قیمتی لہو سے محفوظ اور پر امن پاکستان کی تاریخ لکھی، محفوظ اور پر امن پاکستان کی بنیادوں میں بچوں کا خون شامل ہے، ننھے پھولوں نے عظیم مقصد کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، شہید بچوں کی عظیم قربانیوں نے قوم کو نیا حوصلہ اور عزم دیا، سفاک دشمن کو شکست ہوئی اور پاکستان امن کا گہوارہ بنا۔