وزیراعلیٰ پنجاب کا صحافی کالونی کا دورہ، ایف بلاک کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح

Published On 14 December,2020 09:16 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج صحافی کالونی کے ایف بلاک کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح کر دیا۔ انہوں نے ترقیاتی کاموں کو بروقت مکمل کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ صحافی برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

سیکرٹری اطلاعات راجہ جہانگیر انور نے ایف بلاک کے ترقیاتی کاموں کے بارے میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے صحافی کالونی ہربنس پورہ کے ایف بلاک کے ترقیاتی کاموں کے آغاز کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے شہریوں نے گزشتہ روز جلسے سے لاتعلق رہ کر انتہائی تدبر کا مظاہرہ کیا جس پر میں لاہور کے شہریوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ زندہ دلان لاہور غیر قانونی سرگرمی کا حصہ نہیں بنے کیونکہ اپوزیشن کا یہ اکٹھ غیر قانونی اور غیر ذمہ دارانہ تھا اور کورونا کی موجودہ صورحال کے تناظر میں اس اجتماع کا کوئی جواز نہ تھا-

ان کا کہنا تھا کہ سب کو علم ہے کہ کورونا کے باعث اموات میں اضافہ ہو رہا ہے، ان حالات میں اجتماع کرنا کسی صورت مناسب نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ صحافی کالونی میں ترقیاتی کاموں کیلئے خطیر رقم فراہم کی گئی ہے۔ کالونی میں ترقیاتی کام دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایف بلاک کے ترقیاتی کاموں کو اپنی نگرانی میں مکمل کراؤں گا۔ صحافی کالونی میں پھر آؤں گا اور مکمل ہونے والے کاموں کا جائزہ لوں گا۔ صحافی کالونی آپ کی طرح میرا بھی گھر ہے۔ صحافی کالونی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ صحافی کالونی کا فیز ٹو بھی شروع کریں گے۔