لاہور: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ لانگ مارچ اور استعفوں کی گیڈر بھبکیاں دینے والوں کا 'لونگ گواچ' چکا، پی ڈی ایم کا ٹولہ کبھی استعفے نہیں دے گا۔
معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملکی دولت کو بے دردی سے لوٹنے والوں میں لانگ مارچ کی ہمت نہیں، یہ گھٹیا اپوزیشن ہے، جسے راجکماری ہانک رہی ہے، سندھ کا شہزداہ بے بسی اور لاچارگی کی علامت بن چکا، مولانا کی منفی سیاست کا جنازہ نکل چکا، کنیز اول اور کنیز دوئم کی حالت قابل رحم ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کورونا وباء میں انسانی زندگیوں کو داؤ پر لگانے والوں کو شرم ہے نہ حیا، اپوزیشن نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کر کے کورونا کے مرض میں اضافہ کیا، پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے باعث 51 مریض جاں بحق ہوئے، کورونا کے 695 نئے کیس سامنے آئے، پنجاب میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 33 ہزار 874 تک پہنچ گئی۔