فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں کورونا ایس او پیز اور میرج ایکٹ کی خلاف ورزی پر میرج ہال کو سیل کرنے پر وکلاء نے اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر پر دھاوا بول دیا۔ وکلاء کی جانب سے دفتر میں نازیبا الفاظ بھی استعمال کئے گئے۔
فیصل آباد میں اسسٹنٹ کمشنر صدر عمر مقبول کی جانب سے نڑوالا روڈ سے ملحقہ کالونی میں واقع میرج ہال کو کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سیل کیا گیا تھا جس پر وکلاء نے اسسٹنٹ کمشنر صدر عمر مقبول کے دفتر پر دھاوا بول دیا۔
دفتر میں موجود اسٹاف سے بدتمیزی کرنے کے ساتھ ساتھ گالی گلوچ اور نازیبا الفاظ بھی استعمال کئے گئے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے معاملے کی تحقیقات کرواتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کاروائی کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔