کراچی: سی ٹی ڈی کی ایف سی ایریا میں کارروائی، دو مبینہ ٹارگٹ کلر گرفتار

Published On 21 January,2021 01:40 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کراچی کے علاقے ایف سی ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے دو مبینہ ٹارگٹ کلر گرفتار کر لئے، ملزمان پولیس کانسٹیبل خالد کو شہید کر کے سرکاری اسلحہ لوٹنے اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔

سی ٹی ڈی آپریشن ٹو نے ایف سی ایریا میں فائیو ڈی بس اسٹاپ کے قریب چھاپہ مار کر ملزمان محمد زاہد اور وسیم کو گرفتار کیا، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی شاہد عمر کے مطابق ملزمان نے جوہر آباد کے علاقے بائی جان چوک کے قریب پولیس کانسٹیبل خالد کو شہید کر کے اس کی سرکاری ایس ایم جی لوٹ کر لے گئے تھے۔

ملزمان ٹارگٹ کلنگ اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہیں، انہوں نے اسٹریٹ کرائم کی 30 سے 35 وارداتوں کا بھی اعتراف کیا ہے، ملزمان سے اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی ہے۔