چنیوٹ: (دنیا نیوز) تھانہ سٹی کے علاقہ میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں سفاک شوہر نے اپنی اہلیہ اور 6 ماہ کی بیٹی کا گلہ کاٹ دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے گھریلو ناچاقی پر یہ جرم کیا۔
تفصیل کے مطابق چنیوٹ کے علاقے محلہ ٹبہ گمانگراں میں گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہو کر اعجاز نامی شخص نے اپنی بیوی نازیہ اور 6 ماہ کی بیٹی ہانیہ کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کردیا۔
ملزم اپنی بیوی اور بیٹی کو قتل کرنے کہ بعد موقع پر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ محلہ داروں کی اطلاع پر پولیس جائے وقوع پر پہنچی۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزم اعجاز نے اپنی 25 سالہ بیوی اور 6 ماہ کی بچی کو گھریلو ناچاقی پر قتل کیا ہے۔
تھانہ سٹی پولیس نے ماں اور بیٹی کی لاشوں کو تحویل میں لے کر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں پوسٹ مارٹم کروایا جا رہا ہے۔ دوسری جانب پولیس نے ملزم اعجاز کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔
دوسری جانب رشتہ کے تنازعہ پر بھانجے نے فائرنگ کرکے 45 سالہ حقیقی ماموں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ملزم سردار علی سرعام بھرے بازار میں ماموں کو قتل کرکے باآسانی فرار ہو گیا۔
واقعہ تھانہ چکبیدی کے علاقہ ٹبہ سہیل میں پیش آیا۔ مقتول کی شناخت محمد علی بھٹی کے نام سے ہوئی ہے۔ ایس ایچ او تھانہ چک بیدی عاشق عابد کے مطابق نعش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔