کراچی: گھریلو جھگڑے پر تین بیویوں کا شوہر پہلی کے ہاتھوں قتل

Published On 22 January,2021 07:01 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں گھریلوے جھگڑے کے دوران تین بیویوں کے شوہر کو پہلی بیوی نے فائرنگ کرکے قتل کر ڈالا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے قائد اعظم کالونی میں 3 بیویوں کے شوہر ولی محمد پر پہلی بیوی شاہین نے سر پر گولی مار دی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول نے 3 شادیاں کی تھیں، تینوں بیویاں ایک مکان میں ساتھ رکھی ہوئیں تھیں، گھریلو جھگڑے کے دوران بیوی نے فائرنگ کرکے شوہرکو قتل کردیا۔ ملزمہ کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا۔

ملزمہ نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ مقتول ولی محمد آئے روز تشدد کا نشانہ بناتا تھا، کچھ دن قبل بیٹی گھر سے بھاگ گئی، مقتول دیگر بیٹیوں کو بھی قتل کرنے کی دھمکیاں دیتا تھا۔ اور بیٹی کے گھر سے بھاگنے کا الزام اہلخانہ پر عائد کرتا تھا۔

ملزمہ نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ بیٹی جس لڑکے کے ساتھ بھاگ گئی مقتول اس لڑکے کو جانتا تھا، میں نے ذہنی ٹارچر اور جسمانی تشدد سے تنگ آکر شوہر کو قتل کیا۔