کراچی: (دنیا نیوز) شارع فیصل پولیس نے گلستان جوہر میں مبینہ مقابلے کے دوران ہنڈا سوک گینگ کے تین کارندے گرفتار کر لئے، ملزمان کے دیگر چارساتھی پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔
ایس ایس پی ایسٹ ساجد امیر سدوزئی کے مطابق ملزمان نے بلاک 11 گلستان جوہر کے قریب روڈ پر بنگلے میں ڈکیتی کی، واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولس اور ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، راڈو ہل ویو کے قریب تین کارندے گرفتار ہوئے، گرفتار ملزمان کا تعلق ہنڈا سوک سے ہے۔ گرفتار ملزمان میں وسیم عرف کمانڈو، جاوید شفیق، امین شامل ہیں۔
ملزمان کے دیگر چارساتھی پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے، ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، ایک نائن ایم ایم ، ملزمان سے ٹی ٹی پستول اور دو بغیر لائسنس ٹی ٹی پستول بمعہ گولیاں بھی برآمد ہوئی جبکہ موبائل فون، لیپ ٹاپ، جیولری، کیمرے اور نقد رقم بھی برآمد کی گئی۔
ہنڈاسوک گینگ عرصہ دراز سے وارداتیں کر رہا ہے، ملزمان نے گلستان جوہر، گلشن اقبال اور کراچی کے دیگر بنگلوں میں ڈکیتی کی متعدد وارداتیں کیں، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔