کوئٹہ: ایس او پیزکی خلاف ورزی پرجھگڑا،اسسٹنٹ کمشنر کےگارڈز کی فائرنگ،2 افراد زخمی

Published On 25 April,2021 10:45 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں مقامی شاپنگ سیںٹر کو ایس پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر جھگڑا ہو گیا، اسسٹنٹ کمشنر کے گارڈ کی فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہو گئے۔ وزیراعلیٰ اور صوبائی وزیر داخلہ نے واقعہ کا نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرلی۔

پولیس کے مطابق مسجد روڈ پر واقع مقامی شاپنگ سینٹر کو ضلعی انتطامیہ کی جانب سے 6 بجے کے بعد بند کرانے کی کوشش کی گئی تو وہاں کے ملازمین اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی کے درمیان تکرار کے بعد جھگڑا ہو گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر کے گارڈ نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لئے فائرنگ کر دی جس کے باعث شاپنگ سینٹر میں کام کرنے والے 2 ملازمین زخمی ہو گئے جن کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب شاپنگ سینٹر کے ملازمین کی جانب سے حملے میں اسسٹنٹ کمشنر کے 2 گارڈز بھی زخمی ہوئے جن کو سی ایم ایچ منقتل کیا گیا ہے۔ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے کمشنر کوئٹہ کو ہدایت کی ہے کہ واقعہ کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے نہیں دیں گے، لاقانونیت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ادھر وزیر داخلہ ضیا لانگو نے بھی فائرنگ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔ رمضان المبارک میں اس طرح کے واقعات کا ہونا باعث افسوس ہے۔
 

Advertisement