گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے اسلام آباد میں کارروائی کے دوران سینکڑوں شہریوں سے فراڈ میں ملوث غیر ملکی گروہ کی سرغنہ سمیت 3 ملزمان گرفتار کرلیے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اقبال کے مطابق ملزمان میں گروہ کی سرغنہ نائجیرین خاتون سمیت تین افراد شامل ہیں، نائجیرین خاتون خود کو افغان مشن پر آئی امریکن سارجنٹ ظاہر کرتی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمہ ٹیلیفون پر شہریوں کو بتاتی کہ وہ افغانستان میں ہے اور انھیں ایک خزانہ ملا ہے، خزانے کی رقم سے امداد کرنے کا جھانسہ دیکر شہریوں سے معلومات کے عوض امدادی رقم بھجوانے کے پیشگی اخراجات کا بتا کر پیسے بٹورے جاتے تھے۔
شہریوں سے فراڈ میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، مزید تحقیقات جاری ہیں۔