ملتان: پولیس کی بھاری نفری کے باوجود وارداتوں میں اضافہ، مقدمات کا اندراج بھی کم کر دیا

Published On 22 September,2021 08:57 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں ڈولفن فورس، محافظ اسکواڈ اور تھانوں میں بھاری نفری کے باوجود وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے جس کو روکنے کی بجائے متعلقہ تھانوں کے افسران نے مقدمات کا اندراج ہی کم کر دیا۔

ملتان پولیس نے رواں سال اب تک کوئی نامی گرامی گینگ گرفتار نہیں کیا جس کی وجہ سے اکتیس تھانوں کی حدود میں کرائم کی شرح کافی حد تک بڑھ چکی ہے جس کو کنٹرول کرنے کی بجائے پولیس نے موٹر سائیکل چوری، راہزنی اور نوسر بازی کے مقدمات کا اندراج ہی کم کر دیا ہے جبکہ ڈکیتی اور قتل کی وارداتوں پر بھی پولیس کا رسپانس ٹھیک نہیں جس سے ماڈل تھانوں کے باوجود تھانہ کلچر تبدیل نہ ہونے پر سائلین کی اکثریت پریشان ہے۔

رواں سال ابتک مختلف تھانوں کی حدود سے چار سو اکہتر موٹر سائیکل چوری ہوئے تاہم 270 مقدمات ہی درج کیے گئے جبکہ ڈکیتی، راہزنی اور قتل کی وارداتیں بھی گزشتہ سال کی نسبت کافی زیادہ ہیں جس کے حوالے سے سی پی او کا موقف ہے کہ کرائم کو کنٹرول کرنا ترجیح ہے جس کیلئے نیا سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے۔

تھانہ نیو ملتان، لوہاری گیٹ، شاہ رکن عالم، گلشن مارکیٹ، ممتازآباد، بی زیڈ یو، مخدوم رشید اور قادر پور راں کی حدود میں وارداتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں جس کی وجہ سے شہریوں اور تاجروں نے پولیس حکام کیخلاف احتجاج کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے۔
 

Advertisement