کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے سعدی ٹاؤن میں سابق ایس ایچ او ہارون کورائی کے گھر پر حملے کے دوران ملازمہ کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔
کراچی کے علاقے سعدی ٹاؤن میں سابق ایس ایچ او ہارون کورائی کے گھر پر حملہ اور ملازمہ کے قتل کا معاملہ، واقعہ کا مقدمہ قتل کی دفعات کے تحت درج کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقدمہ سابق ایس ایچ او ہارون کورائی کے بیٹے کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
مدعی کے بیان کے مطابق حملہ دوپہر پونے دو بجے کے قریب ہوا.واقعہ کی ایک فوٹیج بھی حاصل کی گئی ہے۔ فوٹیج میں مقتولہ ملازمہ حملے کے بعد شدید زخمی حالت میں پیدل اپنے گھر کی طرف جارہی ہے۔ ملازمہ کچھ دیر چل کر گر جاتی ہے تاہم ملازمہ کا خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے دم توڑ دیتی ہے۔
مدعی کے مطابق وہ گھر میں تھا کہ اچانک شور کی آواز آئی ہے، باہر آ کر دیکھا تو ایک شخص نے گھر کی ملازمہ کو دبوچ رکھا تھا۔ حملہ آور ملازمہ پر چاقو سے وار کر رہا تھا. ملازمہ کو بچانے کی کوشش کی تو حملہ آور پیچھے بھاگا۔ جان بچانے کے لیے بھاگ کر خود کو کمرے میں بند کر لیا، حملہ آور کے پاس چاقو اور پستول موجود تھا، معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔