لاہور: (دنیا نیوز) سیشن کورٹ نے سگے باپ کی بیٹی کے ساتھ مبینہ زیادتی کے مقدمے میں نامزد ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے وکلاء کو بحث کے لیے طلب کرلیا۔ عدالت کے باہر متاثرہ بچی اور اسکی ماں انصاف کے لیے دہائیاں دیتی رہیں اور پٹرول چھڑک کر خود سوزی کی کوشش کی۔
یہ دہائیاں دیتی احاطہ عدالت میں خاتون کنیز فاطمہ ہیں جن کی بیٹی پر سگے باپ ندیم شاہ کی جانب سے زیادتی کرنے کا الزام ہے۔ ملزم ندیم شاہ نے درخواست ضمانت بعد از گرفتاری دائر کی۔ خاتون اپنی بیٹی کے ہمراہ سیشن کورٹ پیش ہوئیں اور احاطہ عدالت میں دہائیاں اور لیٹنا شروع کر دیا۔ کہتی رہیں کہ شوہر کی درخواست ضمانت مسترد کی جائے، شوہر جیل سے دھمکیاں دے رہا ہے۔ خاتون نے خود پر پیٹرول چھڑک کر خودی سوزی کی کوشش کی جس پر وکلا اور سائلین نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون سے پٹرول کی بوتل چھین کر بچا لیا اور خاتون کو احاطہ عدالت سے بیٹی سمیت گھر روانہ کردیا۔
ملزم پر زیادتی کا مقدمہ تھانہ نشتر کالونی پولیس نے درج کروا رکھا ہے۔ بعدازاں سیشن جج لاہور نے واقعے کا نوٹس لیا اور سکیورٹی انچارج سیشن کورٹ انسپکٹر عابد سے واقعے کی تفصیلات مانگ لیں۔