انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ فیصل آباد کا پراسیکیوشن ونگ غیر فعال، افسران بوجھ بن گئے

Published On 11 November,2021 11:49 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ فیصل آباد کا پراسیکیوشن ونگ غیر فعال ہوگیا، درجن بھر آفیسرز محکمہ پر بوجھ بن گئے، قانونی رائے کیلئے مارک ہونے والی درخواستیں اور انکوائریاں کئی کئی ماہ تک التواء میں رکھی جانے لگیں، سائلین خوار ہونے پر مجبور ہو گئے۔

ریجنل ڈائریکٹوریٹ آف انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ فیصل آباد کے ریجن دفتر میں قائم پراسیکیوشن ونگ میں دو ڈپٹی ڈائریکٹرز، تین اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اپنے اپنے ماتحت عملہ کے ساتھ تعینات ہیں جبکہ عدالدت میں بھی پانچ پراسیکیوٹرز خدمات سرانجام دے رہے ہیں لیکن دفتر میں تعینات ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹررز کی کارکردگی کا کوئی پرسان حال نہیں۔ گذشتہ سال اور امسال کی بھی کئی شکایات، انکوائریاں، درخواستیں اور مقدمات کی فائلیں قانونی رائے کیلئے ان کو مارک کی گئی ہیں جو جان بوجھ کر دبا کر رکھی گئی ہیں۔

ان درخواستوں، انکوائریوں پر نہ ہی جانچ پڑتال کی جارہی ہے اور نہ ہی دیگر امور نمٹاتے ہوئے فائل ورک مکمل کیا جارہا ہے جس کے نتیجہ میں سائلین انصاف سے محروم ہوکر خوار ہونے پر مجبور ہورہے ہیں۔
 

Advertisement