راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں پولیس اہلکاروں پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار کانسٹیبل خرم شہزاد شہید ، دو اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور آئی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
راولپنڈی تھانہ پیرودھائی کے علاقے سی ڈی اے چوک میں گزشتہ شب گشت پر مامور پولیس وین پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ سے کانسٹیبل خرم شہزاد وطن عزیز کی خاطر جام شہادت نوش کر گیا جبکہ سب انسپکٹر منظور شہزاد اور عمر ہارون زخمی ہو گئے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اورآئی جی پنجاب نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کردی۔
شہید ہونیوالے کا نسٹیبل خرم شہزاد کی نماز جنازہ پولیس لائن راولپنڈی میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں آر پی او راولپنڈی، سی پی او،ایس ایس پی آپریشن، ضلعی انتظامیہ حکام سمیت سول و فوجی افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہید کی تدفین ان کے آبائی علاقے چونترہ میں کی جائے گی۔