فیصل آباد: گذشتہ برس کم سن بچوں پر تشدد کے 20 سے زائد کیسز رپورٹ

Published On 08 February,2022 09:25 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں پولیس اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی غفلت کے باعث کمسن بچوں پر تشدد کے واقعات میں اضافہ ہونے لگا، گزشتہ برس بچوں پر تشدد کے 20 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔

فیصل آباد میں کمسن بچوں پر تشدد کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے، گزشتہ بارہ مہینوں کے دوران مجموعی طور پر بچوں پر تشدد کے 20 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 13بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے ریسکیو کرتے ہوئے اپنی تحویل میں لیا، چائلڈ پروٹیکشن بیورو حکام کہتے ہیں کہ بچوں کو ریسکیو کرنے اور مقدمات کے اندراج کے بعد تشدد کرنے والے ملزمان کو ان کے منطقی انجام تک پہنچانا پولیس کی ذمہ داری ہے۔

معاملے پر سٹی پولیس آفیسر غلام مبشر میکن کہتے ہیں کہ کمسن بچوں پر تشدد کے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف مقدمات کا اندراج کرتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائیاں عمل میں لائی جاتی ہیں۔

ماہر نفسیات اور شہریوں کا کہنا ہے کہ بچوں پر تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کیلئے متعلقہ اداروں کے ساتھ ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ معصوم بچوں کو ایسے واقعات کا شکار ہونے سے محفوظ بنایا جاسکے۔
 

Advertisement