کراچی: کلہاڑی کے وار سے نوجوان جاں بحق، بہن زخمی

Published On 27 June,2022 04:37 pm

کراچی:(دنیا نیوز) شہر قائد کے علاقے گڈاپ میں کلہاڑی کے وار سے نوجوان جاں بحق اور بہن زخمی ہوگئی جبکہ نارتھ کراچی میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق گڈاپ ہادی گوٹھ میں کلہاڑی کے وار سے نوجوان شاہد جاں بحق اور بہن رشیدہ زخمی ہوگئی، واردات میں ملوث ملزم کا نام ہدایت ہے جو کہ مقتول کا قریبی عزیز اور گزشتہ دس دنوں سے انہی کے گھر مقیم تھا، پیر کو جھگڑے کے دوران ملزم ہدایت نے بھائی بہن پر کلہاڑی سے وار کیے اور موقع سے فرار ہوگیا، تاہم زخمی شاہد جانبر نہ ہوسکا جبکہ زخمی رشیدہ کو عباسی شہید ہسپتال داخل کرادیا گیا۔

اس حوالے سے پولیس کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ واقعہ خاندانی تنازع کا نتیجہ ہے، ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔

دوسری جانب نارتھ کراچی خیام سٹاپ کے قریب جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 45 سالہ احمد زخمی ہوگیا جسے عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
 

Advertisement