کراچی:(دنیا نیوز) شہر قائد میں زمینوں اور پلاٹوں کی غیر قانونی خرید و فروخت کی تحقیقات میں بڑی پیشرفت سامنے آگئی، ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے سرکاری ملازمین سمیت 33 ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
مقدمے میں سابق اسسٹنٹ رجسٹرار کو آپریٹو سوسائٹیز منیر بیگ، ڈپٹی رجسٹرار نوید عباسی اور سابقہ اسسٹنٹ رجسٹرار مختیار سولنگی، انسپکٹر عابد خان اور انسپکٹر زاہد علی کو نامزد کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے درج کئے گئے مقدمے کے مطابق سرکاری ملازمین نے 28 دیگر افراد کے ساتھ مل کر پلاٹوں کے جعلی کاغذات بنانے میں معاونت کی، مجموعی طور پر 123 پلاٹ جعلی کاغذات پر فروخت کئے گئے، تمام پلاٹس مختلف اسٹیٹ ایجنٹوں اور فرنٹ مینوں کی مدد سے بیچے گے، بیشتر پلاٹ جعلی اسناد پر اسکیم 33 گلزار ہجری میں فروخت کئے گئے۔
تحقیقاتی رپورٹ اور ایف آئی آر عدالت میں جمع کرادی گئی، ایف آئی اے نے عدالتی حکم پر دو سال تک تحقیقات کی۔