اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف کی کارروائیاں، 4 کروڑ سے زائد مالیت کی گاڑیاں برآمد

Published On 23 June,2022 05:02 pm

لاہور:(دنیا نیوز) اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف نے کارروائیاں کرتے ہوئے 8 گینگز کے 21 ملزمان گرفتار کر کے 4 کروڑ 70 لاکھ مالیت کی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں برآمد کرلی ہیں۔

ایس پی اے وی ایل ایس آفتاب پھلروان نے صدر ڈویژن لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہیکل چھیننے اور چوری کرنے والے سابق ریکارڈ یافتہ پیشہ ور 8 گینگ کے 21 ملزموں کو گرفتار کیا، ملزموں سے 4 کروڑ 70 لاکھ مالیت کی 13گاڑیاں، 165 موٹر سائیکلیں اور 2 ایل ای ڈیز برآمد کی گئیں، گرفتار ملزموں میں ممتاز احمد، عباس خاں، مرزا یاسر، سلامت، نجیب اللہ اور شہزاد خاں وغیرہ شامل ہیں۔

آفتاب پھلروان کا مزید کہنا تھا کہ 5 پولیس اہلکار بھی گاڑی چوری کی وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزم مرزا یاسر پولیس یونیفارم میں وارداتیں کرتا تھا، ملزموں نے گاڑیاں اور موٹرسائیکل چھیننے کی درجنوں وارداتوں کا انکشاف کیا۔

ایس پی اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف کا کہنا تھا کہ پیشہ ور ملزموں کی گرفتاری سے چوری کی وارداتوں میں واضح کمی آئے گی، شہریوں سے اپیل ہے کہ اپنی گاڑیوں میں ٹریکر لگوائیں۔
 

Advertisement