اٹک:(دنیا نیوز) فتح جنگ کے علاقہ ڈھوک روئیاں مغلاں میں دو گروہوں میں زمین کے تنازع پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دونوں گروہوں کے درمیان زمین کا تنازع چل رہا تھا، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا، جاں بحق ہونے والوں میں ارسلان، محمد رزاق ، اشتیاق حسین، نور محمد اور صداقت شامل ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے اٹک کے علاقے فتح جنگ میں 5 افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کی گرفت میں لایا جائے، مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں۔
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے آر پی او راولپنڈی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ ڈی پی او اٹک کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے کا حکم دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا، آئی جی پنجاب نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کرنے والے تمام ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔