لاہور: (دنیا نیوز) 17 جولائی کو پنجاب میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن بھی سرگرم ہو گئی، جماعت کی نائب صدر مریم نواز نے مختلف حلقوں میں کنونشز کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے استعفیٰ دیئے جانے کے بعد پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے الیکشن کے دوران پی ٹی آئی کے 25 اراکین نے مسلم لیگ ن کے امیدوار میاں حمزہ شہباز شریف کو منتخب کروایا تھا، اس فیصلے کے بعد پی ٹی آئی اراکین نے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے فیصلہ سناتے ہوئے تمام اراکین کو ڈی سیٹ کر دیا تھا، ان سیٹ پر الیکشن کا انعقاد 17 جولائی کوکیا جائے گا۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ضمنی الیکشن میں متحرک ہونے کے بعد مسلم لیگ ن بھی سرگرم ہو گئی ہے، لیگی نائب صدر مریم نواز لاہور سمیت پنجاب کے مختلف حلقوں میں کنونشن کریں گی۔
ذرائع کے مطابق جہاں لیگی امیدروں کی پوزیشن کمزور ہوگی وہاں کے سٹیک ہولڈرز سے مریم نواز ملاقاتیں کریں گی، مریم نواز نے لیگی قائد نوا شریف کی ہداہت کے مطابق ضمنی الیکشن کے مختلف حلقوں میں جائینگی۔
دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے بھی ضمنی الیکشن کے حوالے سے سیل قائم کر دیا، لاہور سمیت مختلف حلقوں میں سینئر رہنماوں کو ڈیوٹیز سونپ دی گئیں، حمزہ شہباز ضمنی الیکشن کو خود مانیٹر کریں گئے۔
ذرائع کے مطابق ضمنی الیکشن کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے کنونشن میں نہ جانے کا امکان ہے۔
میاں حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ مقابلہ سخت ہے لیکن جیت ن لیگ کی ہوگی۔