لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں چولستان میں سولر واٹر پلانٹس کے مجوزہ منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے چولستان میں بارش بڑھانے کا پائلٹ پراجیکٹ تیار کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔
وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں کمشنر بہاولپور ڈویژن نے چولستان میں سولر واٹر پلانٹس لگانے کے حوالے سے بریفنگ دی ،چولستان میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بارشوں میں اضافے کے مجوزہ پراجیکٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حمزہ شہباز نے اس موقع پر کہا کہ چولستان کے دور افتادہ علاقوں میں سولر واٹر پلانٹس سے انسانوں کے ساتھ جانوروں کو بھی پانی فراہم کیا جائے گا، پراجیکٹ کے امور کو جلد حتمی شکل دی جائے ۔ قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھ کر تیزی سے آگے بڑھا جائے۔
وزیراعلی پنجاب نے مزید کہاکہ چولستان میں شیڈز میں ائیر کولر لگانے کا بھی جائزہ لیا جائے۔نہر سے چولستان میں پانی کی سپلائی کے آپشن پر غور کیا جائے،اس اقدام سے ناصرف پانی کی قلت دور ہو گی بلکہ کھیتی باڑی کو فروغ ملے گا۔