لاہور: (دنیا نیوز) امریکی قونصل جنرل ولیم کے میکانیول نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے امریکی قونصل جنرل ولیم کے میکانیول (Mr.William K. Makaneole) نے ملاقات کی۔چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، لیگل ایڈوائزر علی رضا اور متعلقہ حکام و عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے
امریکی قونصل جنرل ولیم کے میکانیول نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر حمزہ شہباز کو مبارکباد دی اور ولیم کے میکانیول نے حمزہ شہباز کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کثیر الجہت نوعیت ہیں، زراعت، ماحولیات، واٹر شارٹیج اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ بلاشبہ اس وقت معاشی اوردیگرچیلنجز درپیش ہیں لیکن ہمارا عزم ان چیلنجز سے بلند ہے۔
اس موقع پر امریکی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں، پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے-