پشاور:(دنیا نیوز) منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث پولیس اہلکار کو گرفتار کرلیا گیا۔
پشاور پولیس کی جانب سے منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے جس کے دوران نشے کی لت میں مبتلا افراد کو ٹوکن کی شکل میں ہیروئن فراہم کرنے والے پولیس اہلکار کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
خفیہ اطلاع پر ہونے والی کاروائی کے دوران ایس ایچ او تھانہ آغا میر جانی شاہ عبدالعلی نے نشئی افراد کو منشیات کی سپلائی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملوث ملزم کو گرفتار کیا جس کی شناخت فضل الرحمان ولد صاحبزادہ گل رحمان کے نام سے ہوئی ہے جو محکمہ پولیس میں ملازم ہے۔
ملزم سر راہ منشیات استعمال کرنے والے افراد کو ٹوکن کی شکل میں منشیات سپلائی کرنے میں ملوث ہے جس کے قبضہ سے تین سو ٹوکن ہیروئن برآمد کر لی گئی ہے جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے۔