پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں خواجہ سراء عدم تحفظ کا شکار ہوگئے، صوبے بھر میں خواجہ سراؤں پر تشدد کے واقعات میں اضافہ ہونے لگا، رواں سال خواجہ سراؤں پر تشدد کے 38 واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں، گزشتہ سات ماہ میں 7 قتل ہوئے ، پولیس نے بھی روک تھام کے لئے اقدامات تیز کردیئے۔
خیبر پختونخوا میں رواں سال خواجہ سراؤں پر تشدد کے 38 واقعات رپورٹ ہوئے، گزشتہ سات ماہ میں 7خواجہ سرا قتل ہوئے جبکہ دھمکیوں کے 19 کیسز سامنے آئے ہیں، حال ہی میں 4 خواجہ سراؤں کو فائرنگ کر کے زخمی کیا گیا ہے۔
پشاور پولیس نے بتایا کہ ان واقعات کی روک تھام سمیت خواجہ سراؤں کو درپیش مسائل کو کم کرنے کیلئے مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں، پولیس نے دعوی کیا ہے کہ ان واقعات میں ملوث 80 فیصد ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ معاشرے کے مظلوم طبقات کے تحفظ کے لئے پولیس کی جانب سے اقدامات کے علاوہ عوام میں اس حوالے سے شعوربیدار کرنے کے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔