کراچی: (شعیب بخاری سے) چینی دندان ساز کلینک پر حملے کی تحقیقات میں بڑی پیش رفت، گرفتار حملہ آور وقار خشک کا قریبی ساتھی بھی پکڑا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی جانب سے سندھ کے مختلف شہروں میں چھاپے مارے گئے، دوران کارروائی چینی دندان ساز کلینک پر حملے میں گرفتار حملہ آور وقار خشک کا قریبی ساتھی بھی پکڑا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم ڈینٹل کلینک پر حملے کے بعد وقارخشک کو لے کرموٹرسائیکل پر فرار ہوا تھا، زیر حراست ملزم کی نشان دہی پر 4 مزید افراد کو بھی حراست میں لیا گیا، زیر حراست افراد سے واردات میں سہولت کاری کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
تمام زیر حراست افراد کو ملزم وقار خشک کی نشان دہی اور تیکنیکی تحقیقات کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا، ملزموں سے کالعدم تنظیم کے سربراہ اور کمانڈر سے رابطوں کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
زیر حراست افراد کے موبائل فونز کی فارنزک جانچ بھی کی جارہی ہے ،اہم ملزم سے برآمد ہونے والی پستول کو بھی فارنزک جانچ کے بھجوا دیا گیا ہے۔