مانگا منڈی: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید

Published On 05 December,2022 11:40 pm

مانگا منڈی: (دنیا نیوز) مانگا منڈی میں گشت پر مامور پولیس اہلکاروں پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی جس کے باعث 2 اہلکار شہید ہو گئے۔

مانگا منڈی کے علاقہ چاہ تمولی میں اے ایس آئی عاصم اور کانسٹیبل شاہد معمول کی گشت پر مامور تھے کہ اس دوران دو مشکوک افراد کو تلاشی کیلئے روکا تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ گولیاں لگنے سے دونوں اہلکار شدید زخمی ہو گئے جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔

واقعے کے بعد دونوں ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ اطلاع ملنے پر اے ایس پی رائیونڈ سرکل بلال محمود سلہری بھاری نفری کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی۔

دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا اور ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کر لی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے جائے وقوعہ کے گردونواح ناکہ بندی، ملوث ملزمان کو جلداز جلد گرفتار کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔