کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر این ای ڈی کا طالب علم قتل

Published On 15 December,2022 07:11 pm

کراچی:(دنیا نیوز) یونیورسٹی روڈ پر ڈاکوؤں نے مزاحمت پر طالب علم کو گولی مار کر قتل کردیا ۔

پولیس کے مطابق 21 سالہ طالبعلم بلال یونیورسٹی روڈ پر چائے کے ہوٹل پر بیٹھا تھا جہاں دو ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر طالبعلم سے موبائل چھیننے کے دوران مزاحمت پر دو فائر کئے، ایک گولی بلال کے سینے جبکہ دوسری ٹانگ پر لگی۔

تفتیشی حکام کے مطابق ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جائے وقوعہ سے 30 بور کے دو خول برآمد کے تحقیات شروع کردی ہیں۔
 
مقتول بلال کے بھائی ارسلان نے میڈیا کو بتایا کہ ہمارے گھرنوجوان بھائی سے محروم ہوگیا، میرا بھائی ہونہار طالبعلم میرٹ کی بنیاد پر این ای ڈی میں پیٹرولیم ٹیکنالوجی میں زیر تعلیم تھا۔

ارسلان کا مزید کہنا تھا کہ بھائی موٹرسائیکل پر نہیں بلکہ دوستوں کے ہمراہ تھا، کراچی پولیس کی کارکردگی آپ سب کے سامنے ہے، بھائی کے قاتلوں کو گرفتار کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔