اسلام آباد: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے سیکڑوں کلو گرام منشیات برآمد کی ہیں۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق مین آرسی ڈی ہائی وے حب کے قریب خالی کنٹینر سے 306 کلو چرس برآمد کی گئی جس میں افغان باشندے سمیت مردان کے رہائشی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
کراچی مین سُپر ہائی وے پر کار سے 150 کلو چرس اور 9 کلو 600 گرام افیون برآمد کے واقعہ میں کراچی کا رہائشی ملزم گرفتار ہوا، اسلام آباد باد ٹول پلازہ پر 2 کاروں سے مجموعی طور پر 20 کلو 400 گرام چرس اور 9 کلو 600 گرام افیون برآمد کی گئی، کارروائی میں 3 ملزمان گرفتار ہوئے۔
ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد سرینگر ہائی وے پر کار سے 8 کلو 400 گرام چرس اور 6 کلو افیون برآمد ہوئی جس میں مردان کے رہائشی ملزم کو گرفتار کیا گیا، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شارجہ جانے والے ملزم کے پیٹ سے 76 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے، سمگلنگ میں ملوث شمالی وزیرستان کے رہائشی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کا کہنا ہے کہ تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔