لاہور: (دنیا نیوز) شہر میں ڈکیتی و راہزنی کی وارداتوں میں اضافہ، پولیس ڈاکوؤں کو پکڑنے میں بے بس ہو گئی، 24 گھنٹے کے دوران شہر میں مختلف جرائم کی 401 وارداتیں ہوئیں۔
صوبائی دارالحکومت میں 7راہزنی، 7 موٹر سائیکل چھیننے، ایک کار چوری، 74موٹرسائیکلیں چوری، 3 نقب زنی اور متفرق چوری کی 308 وارداتیں ہوئیں، نواب ٹاؤن میں ریحان امجد سے ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر موٹرسائیکلیں اور موبائل فون چھین لیا۔
مناواں میں چور تالے توڑ کر مبارک علی کے گھر سے 13 لاکھ 75 ہزار مالیت کے زیورات اور نقدی لے کر فرار ہو گئے، رائیونڈ میں چور خالد اعوان کے زیر تعمیر گھر سے 11 لاکھ 30 ہزار مالیت کا بجلی اور سینٹری کا سامان لے اڑے۔
پولیس کے مطابق رائیونڈ میں چور مبین اسلم کی دکان کے تالے توڑ کر 22 لاکھ 4 ہزار مالیت کے سگریٹ ، گھی اور دیگر سامان لے اڑے، گارڈن ٹاﺅن میں چوروں نے تنویر عباس کی گاڑی چرالی۔
شاہدرہ سے ذیشان، رنگ محل سے زاہد حسین، اسلام پورہ سے نعمان، لیاقت آباد سے شہباز، کاہنہ سے مسعود الحسن، ساندہ سے عدیل نوید کی موٹرسائیکلیں چوری ہو گئیں۔