چارسدہ:(دنیا نیوز)نامعلوم شرپسندوں نے پولیس موبائل پر فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرے کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق تھانہ پڑانگ کے علاقہ شابڑا میں موٹرسائیکل سوارشرپسندوں کو ناکے پر موجود پولیس اہلکاروں نے رکنے کا اشارہ کیا جس پر ملزمان نے پولیس موبائل فائرنگ شروع کردی۔
پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرے کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان کے قبضے سے دو ہینڈ گرنیڈ اور 2 پستول برآمد کرلئے گئے جبکہ موٹرسائیکل کو بھی تحویل میں لے لیا۔
ہلاک ہونیوالے شرپسند کی شناخت ساجد کے نام سے ہوئی جس کی لاش ڈی ایچ کیو چارسدہ منتقل کردی گئی جبکہ گرفتار ملزم یاسر کو پولیس سٹیشن منتقل کردیا گیا،ملزمان کی فائرنگ سے پولیس موبائل کو بھی نقصان پہنچا۔