پشاور پولیس دھماکے سے پہلے کی سی سی ٹی وی فوٹیج دنیا نیوز نے حاصل کرلی

Published On 02 February,2023 12:18 pm

پشاور : (دنیا نیوز) پشاور پولیس لائن دھماکے سے قبل پہلی سی سی ٹی وی فوٹیج دنیا نیوزنے حاصل کر لی ، دھماکہ دوپہر 1بجکر 17منٹ کے قریب ہوا۔

ذرائع کےمطابق دنیا نیوز کو حاصل ہونے والی پشاور پولیس لائن دھماکے کی پہلی سی سی ٹی وی فوٹیج دھماکے سے  صرف ایک منٹ پہلے کی ہے جس میں دھماکہ ہوتے ہی بجلی منقطع ہوگئی ۔

فوٹیج پولیس لائن مسجد کے قریب نصب پہلے کیمرے سے لی گئی ہے ، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لوگ کی مسجد کی طرف نمازکی ادائیگی کےلیے جارہے ہیں، دھماکہ 1بجکر 17منٹ کے قریب ہوا ۔

ذرائع کےمطابق پولیس لائن اور ریڈ زون کے تمام کیمروں سے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ، اہم کیس کی تحقیقات جاری ہیں اس لیے فوٹیج کے حساس پہلو دیکھنے سے قاصر ہیں۔

واضح رہے کہ 30 جنوری پیر کے روز پشاور کے ریڈ زون میں واقع پولیس لائنز کی مسجد میں نماز ظہر کے دوران خودکش دھماکا ہوا تھا جس میں پولیس اہلکاروں سمیت 100 سے زائد افراد شہید ہوئے تھے ۔