لاہور: (دنیانیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ہماری پارٹی کے لیگل ایڈوائزر عامر سعید راں کو میری رہائش گاہ سے گھر واپس جاتے ہوئے ایف آئی اے کے ساتھ کچھ لوگوں نے اغوا کر لیا جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ گاڑیوں سے پتہ چلا کہ ایف آئی اے کے ساتھ کچھ لوگوں نے عامر سعید راں کو اغوا کیا ہے، سپریم کورٹ بار کے صدر عابد زبیری اور طاہر نصر اللہ وڑائچ سابق صدر بار اور موجودہ ممبر بار کونسل نے اس واقعہ پر شدید اظہار مذمت کیا ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ چُن چُن کر ہمارے قریبی ساتھیوں کو ٹارگٹ کر کے اٹھایا جا رہا ہے۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ نگران حکومت اگر امن و امان کو کنٹرول نہیں کر سکتی تو پھر بہتر ہے کہ گھر جائے، وکلاء برادری سے اپیل ہے کہ آپ اس صورتحال میں عامر راں کا ساتھ دیں ورنہ ایسے ہتھکنڈوں کی زد میں کوئی بھی آ سکتا ہے۔