لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے سابق سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے ملاقات کی، اس موقع پر افضل ساہی بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی گئی، اس کے علاوہ ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت بھی کی گئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پشاور واقعہ میں ملوث عناصر انسانیت کے دشمن ہیں، نگران حکومت کے آنے کے بعد امن و امان کی صورتحال خراب ہو رہی ہے، ان کا سارا فوکس امن و امان اور عوامی ایشوز نہیں بلکہ انتقامی کارروائیوں پر ہے، نگران حکومت صرف سیاسی مخالفین کو کچلنے میں مصروف ہے۔
چودھری پرویز الہٰی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاحال تاریخ نہ دینے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نگران سیٹ اپ اور گورنرز اپنی آئینی ذمہ داریاں بھول کر کسی اور ایجنڈے پر گامزن ہیں، نگران سیٹ اپ اپنے مینڈنٹ سے تجاوز کر کے غیر آئینی، غیر قانونی اقدامات کا مرتکب ہو رہا ہے، نگران سیٹ اپ ہر وہ کام کر رہا ہے جو اس کامینڈنٹ ہی نہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا پی ڈی ایم ملک کی معاشی تباہی کی ذمہ دار ہے، ڈالر کو کنٹرول کرنے کے دعوے کرنے والوں نے ڈالر کو تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا دیا، شہباز شریف نااہلی کے ورلڈ ریکارڈ قائم کر رہے ہیں، پٹرول 250 روپے لٹر کر کے پی ڈی ایم مریم نواز کی واپسی کا جشن منا رہی ہے، حکمران انتخابات ملتوی کرنے سے باز رہیں، انہیں آئین شکنی کا حساب دینا پڑے گا۔